یو ایف سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹیم کورمیئر بمقابلہ ٹیم بسپنگ کے عنوان سے نئے سیزن کا آغاز 14 جون 2026 کو ہوگا۔ الٹیمیٹ فائٹنگ چیمپئن شپ (یو ایف سی) نے اپنی طویل عرصے سے جاری ریئلٹی سیریز کے نئے ایڈیشن کے لیے 20 فائٹرز پر مشتمل پول کا اعلان کیا ہے، جس میں 10 مرد فائٹرز بینٹم ویٹ جبکہ 10 خواتین فائٹرز اسٹرا ویٹ کیٹیگری میں شامل ہیں۔

تاہم تمام 20 فائٹرز باضابطہ طور پر مقابلے کا حصہ نہیں ہوں گے۔ صرف 16 فائٹرز مرکزی مقابلوں میں حصہ لیں گے، جب کہ ہر ڈویژن سے 2، 2 فائٹرز کو متبادل کے طور پر رکھا جائے گا۔

منتخب فائٹرز کی کوچنگ یو ایف سی کے معروف لیجنڈز اور مبصرین ڈینیل کورمیئر اور مائیکل بسپنگ کریں گے۔

انیتا کریم، جن کا پروفیشنل ریکارڈ 6 فتوحات اور 2 شکستوں پر مشتمل ہے، خواتین کے اسٹرا ویٹ گروپ میں شامل کی گئی ہیں۔ ان کی شمولیت پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے، کیونکہ ’دی الٹیمیٹ فائٹر‘ کو مکسڈ مارشل آرٹس کی دنیا میں مستقبل کے یو ایف سی ستاروں کے لیے ایک بڑے پلیٹ فارم کی حیثیت حاصل ہے۔

سیزن 34 میں جنوبی ایشیا، یورپ، شمالی امریکا اور لاطینی امریکا سمیت مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے فائٹرز شامل کیے گئے ہیں، جس سے مقابلوں میں عالمی سطح کی سخت رقابت متوقع ہے۔