قومی ویمن ٹیم میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز میں حصہ لے گی۔

سیریز کا مقصد 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی تیاریوں کو بہتر بنانا ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم ایونٹ میں دونوں ٹیموں کے خلاف دو، دو میچز کھیلے گی۔

پاکستان اپنا پہلا میچ 29 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا، جب کہ دوسرا میچ 31 مئی کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔ قومی ٹیم تیسرا میچ 3 جون کو ویسٹ انڈیز اور چوتھا میچ 4 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔

آل راؤنڈر فاطمہ ثنا سہ ملکی سیریز اور ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت کریں گی۔

پاکستان ویمن اسکواڈ میں فاطمہ ثنا، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رمین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور امِ ہانی کو ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمن ٹیم ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف انڈیا کے خلاف کرے گی۔ گروپ مرحلے کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم 17 جون کو جنوبی افریقہ، 20 جون کو بنگلہ دیش اور 23 جون کو آسٹریلیا کا سامنا کرے گی، جب کہ اپنے پانچویں اور آخری گروپ میچ میں 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز کے مدمقابل ہوگی۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان ویمن ٹیم 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف وارم اپ میچز بھی کھیلے گی۔

دریں اثنا، دورۂ آئرلینڈ کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا چار روزہ مختصر تربیتی کیمپ بدھ سے ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں شروع ہو گیا ہے۔ ہفتے تک جاری رہنے والے کیمپ میں کوچنگ اسٹاف کھلاڑیوں کی فٹنس اور صلاحیتوں کو مزید نکھارنے پر توجہ دے گا۔

بعد ازاں قومی ویمن ٹیم پیر کو آئرلینڈ کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے حال ہی میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔