کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نمیبیا کے اوپنر لورین 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جب کہ الیگزینڈر نے 20 رنز اسکور کیے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
پاکستان کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور ابتدا ہی سے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا گیا۔ اسپنرز نے ایک بار پھر اپنی مؤثر گیند بازی سے متاثر کیا۔
عثمان طارق نے اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ شاداب خان نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے یو اے ای کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی
اس سے قبل پاکستان کی اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، تاہم 40 کے مجموعے پر صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا نے 23 گیندوں پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ خواجہ نافع صرف پانچ رنز بنا سکے۔
دوسری جانب صاحبزادہ فرحان نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 57 گیندوں پر چار چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 100 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ شاداب خان نے بھی 36 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم اضافہ کیا۔
پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے دو جبکہ گرہارڈ ایراسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
نمیبیا کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔ شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ مرزا سلمان اور خواجہ نافع کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔





