پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی خواتین ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا متوازن امتزاج شامل کیا گیا ہے تاکہ ٹیم عالمی ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھا سکے۔ اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی پہلی بار ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جن میں ایمن فاطمہ، نطالیہ پرویز، رمین شمیم، سائرہ جبین اور تسمیہ رباب شامل ہیں۔
قومی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ میں ہونے والی ٹرائی سیریز میں بھی شرکت کرے گی، جس میں میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔ یہ سیریز 28 مئی سے 4 جون تک کھیلی جائے گی اور اسے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
Pakistan women s squad announced for Ireland tri-series and ICC Women s T20 World Cup 2026
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) May 16, 2026
Details here ➡️ https://t.co/2AxX826F7A#BackOurGirls | #IREWvPAKW | #T20WorldCup pic.twitter.com/Nfv3gMK9jR
پاکستان ویمنز ٹیم اپنی ٹی20 ورلڈ کپ مہم کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف 14 جون کو برمنگھم میں کرے گی۔ اس کے بعد قومی ٹیم جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور نیدرلینڈز کے خلاف گروپ میچز کھیلے گی۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز 30 جون اور 2 جولائی کو ہوں گے جبکہ فائنل تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں 5 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
فاطمہ ثنا کے لیے یہ تیسرا آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ ہوگا جبکہ بطور کپتان یہ ان کا مسلسل دوسرا عالمی ایونٹ ہے۔ حالیہ عرصے میں ان کی قیادت اور آل راؤنڈ کارکردگی نے شائقین اور ماہرین کرکٹ کی توجہ حاصل کی ہے۔ چند روز قبل انہوں نے محض 15 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کر کے خواتین ٹی20 کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔
کوچنگ اسٹاف میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ سابق قومی کرکٹر وہاب ریاض کو ٹیم کا مینٹور اور ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ عبدالرزاق، عمید آصف، عبدالماجد اور عمران فرحت بھی کوچنگ پینل کا حصہ ہوں گے۔
حالیہ زمبابوے سیریز میں قومی خواتین ٹیم کی 3-0 سے کلین سوئپ کامیابی نے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کیا ہے اور ٹیم عالمی ایونٹ کے لیے بھرپور انداز میں تیار ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق چند ریزرو کھلاڑیوں کو بھی ٹیم کے ساتھ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اسکواڈ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ نوجوان ٹیلنٹ اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج سے پاکستان ٹیم اس بار ایونٹ میں اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔






