موصولہ اطلاعات کے مطابق چین کے شہر پانژیہوا میں جاری چیمپئن شپ میں بوائز انڈر 17 ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں نعمان خان نے ملائیشیا کے محمد رازق پترا محمد فخر الزاری کو 40 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد 0-3 سے شکست دی۔
اسی ایونٹ کے ایک اور کوارٹر فائنل میں محمد عمیر عارف نے ہانگ کانگ کے ٹز لانگ لیون کو صرف 20 منٹ میں 0-3 سے با آسانی زیر کر لیا۔
بوائز انڈر 15 کے مقابلوں میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے ہانگ کانگ کے ایتھن ہاؤ وین بائی کو 28 منٹ کے یکطرفہ مقابلے میں کوئی گیم ہارے بغیر 0-3 سے شکست دی۔
اسی ایونٹ میں محمد سہیل عدنان نے انڈیا کے شری شمیت لیئر کو 49 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد ایک گیم کی قربانی دیتے ہوئے 1-3 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
تاہم بوائز انڈر 19 ایونٹ کے سیکنڈ سیڈ عبداللہ نواز کوارٹر فائنل میں کوریا کے جونگ ہائی لی کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔ کورین کھلاڑی نے 44 منٹ کے مقابلے میں 0-3 سے کامیابی حاصل کی۔
بوائز انڈر 13 میں محمد مصطفیٰ خان انڈیا کے ابھے اودھے بجاج کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے ہار گئے۔
گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیڈ 4 ماہ نور علی نے ہانگ کانگ کی ہاؤ ک جیو کو 27 منٹ کے مقابلے کے بعد 0-3 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
یاد رہے کہ ماہ نور علی نے گزشتہ سال ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں گرلز انڈر 13 کا فائنل کھیل کر سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ وہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بھی بن چکی ہیں۔





