دونوں اداروں کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق معاہدے پر سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین و وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دستخط کیے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب محسن نقوی سعودی عرب کے سرکاری دورے پر موجود ہیں، جہاں وہ سعودی حکام کے ساتھ سیکیورٹی، انسدادِ منشیات، باہمی تعاون اور دیگر اہم امور پر بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اسی دوران دونوں ممالک نے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اس اہم معاہدے کو حتمی شکل دی۔
اعلامیے کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جسے عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں، دوطرفہ سیریز اور بڑے عالمی ایونٹس کی میزبانی ممکن بنائی جا سکے۔
معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی تکنیکی مہارت اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسٹیڈیم کی منصوبہ بندی، ڈیزائن، آپریشنل نظام، گراؤنڈ کی تیاری، پچز کی دیکھ بھال، کرکٹ انفراسٹرکچر اور دیگر فنی معاملات میں سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔
اس منصوبے میں صرف ایک کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر ہی شامل نہیں بلکہ اس کے ساتھ جدید تربیتی مراکز، پریکٹس گراؤنڈز، میڈیا اور براڈکاسٹنگ کی عالمی معیار کی سہولیات، کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے جدید ڈریسنگ رومز، مہمان نوازی کے خصوصی انتظامات، شائقین کے لیے آرام دہ نشستیں، پارکنگ، ڈیجیٹل اسکرینز اور دیگر جدید سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل بن محمد آل سعود نے معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون سعودی عرب میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ایک عالمی معیار کا اسٹیڈیم فراہم کرے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع، سرمایہ کاری کے نئے راستے اور کھیل کے فروغ کے لیے مضبوط بنیاد بھی مہیا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کھیلوں کے شعبے میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہا ہے اور کرکٹ بھی ان کھیلوں میں شامل ہے جنہیں مستقبل میں نمایاں مقام دیا جائے گا، پاکستان جیسے تجربہ کار کرکٹ ملک کے ساتھ شراکت داری سے سعودی عرب میں اس کھیل کی ترقی مزید تیز ہوگی۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کے سفر کا حصہ بننے پر خوشی محسوس کرتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ تعاون صرف ایک اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کے ذریعے کوچنگ، امپائرنگ، ٹیلنٹ ہنٹنگ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور کرکٹ کے مختلف شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس شراکت داری سے پاکستان اور سعودی عرب کی کرکٹ برادریوں کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے جبکہ دونوں ممالک میں کھیلوں کے میدان میں نئے مواقع پیدا ہوں گے، اس امید کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل قریب میں سعودی عرب بین الاقوامی کرکٹ کے اہم میزبان ممالک میں شامل ہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت دونوں ادارے کوچز، ٹرینرز، گراؤنڈ اسٹاف اور دیگر تکنیکی ماہرین کے تبادلے، مشترکہ تربیتی پروگرامز، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ڈویلپمنٹ کیمپس، دوستانہ میچز اور مختلف سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد میں بھی تعاون کریں گے۔
The cricket boards of Pakistan and Saudi Arabia partner to build an international cricket stadium in Saudi Arabia. https://t.co/AfMu8i7e3b
— Arab News Pakistan (@arabnewspk) July 1, 2026
یاد رہے کہ جدہ میں عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد سعودی عرب کو ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں کرکٹ کے ایک نئے مرکز کے طور پر فروغ مل سکتا ہے، جہاں مستقبل میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام مقابلوں سمیت مختلف عالمی ایونٹس کے انعقاد کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کا قیام 2020 میں عمل میں آیا تھا، جس کے بعد ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت، مقامی لیگوں کے انعقاد اور قومی ٹیم کی بہتری کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب میں کرکٹ کی بنیاد 1960 کی دہائی میں پاکستان، بھارت اور دیگر جنوبی ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن نے رکھی تھی۔ بعد ازاں سعودی عرب 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا الحاقی رکن اور 2016 میں ایسوسی ایٹ رکن بنا، جس کے بعد ملک میں کرکٹ کی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔







