پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سیریز کا افتتاحی میچ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، جب کہ تمام میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے اور ٹاس شام ساڑھے 6 بجے ہوگا۔

پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی، جب کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی کپتان میکے وین وورسٹ ہوں گی۔ قومی ٹیم اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز 2-3 سے اپنے نام کر چکی ہے۔

قومی کپتان فضا فیاض کا کہنا ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے لیے پوری ٹیم پُرجوش ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، اس لیے کامیابی کے لیے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

پاکستان کے 17 رکنی اسکواڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلنے والی 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق شائقین کے لیے ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں داخلہ مفت ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس اور جیو سپر پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے، جب کہ ٹیپ میڈ، تماشا اور مائیکو پر بھی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔ بین الاقوامی ناظرین پی سی بی کے یوٹیوب چینل کے ذریعے بھی میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔

سیریز میں کامران چوہدری میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے، جب کہ عبدالمقیت، ذوالفقار جان، نازیہ نذیر، صباحت رشید اور ثانیہ اشرف امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔

پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کے باقی مقابلے 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔