دونوں بلے بازوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 401 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں چھٹی یا اس سے نچلی کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جونی بیئرسٹو اور بین اسٹوکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2016 میں جنوبی افریقا کے خلاف چھٹی وکٹ کے لیے 399 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
عامر جنگو اور روسٹن چیز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پانچویں یا اس سے نچلی وکٹ کے لیے 400 سے زائد رنز کی شراکت قائم کرنے والی صرف دوسری جوڑی بھی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 1946 میں سڈ بارنس اور ڈان بریڈمین نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں وکٹ کے لیے 405 رنز جوڑے تھے۔
یہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 400 سے زائد رنز کی صرف دوسری شراکت بھی ہے۔ اس سے قبل 1958 میں کونراڈ ہنٹ اور گیری سوبرز نے پاکستان کے خلاف دوسری وکٹ کے لیے 446 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی تھی، جو اب بھی ویسٹ انڈیز کا سب سے بڑا شراکتی ریکارڈ ہے۔
Take a bow, Amir Jangoo and Roston Chase! 👏🔥
— Sportskeeda (@Sportskeeda) June 28, 2026
From 168/5 to 569/6, the duo staged a sensational rescue act, stitching together the highest sixth-wicket partnership in Test history and putting West Indies firmly in control against Sri Lanka. A record-breaking stand for the ages!… pic.twitter.com/SDtgl954O5
سری لنکا کے خلاف بھی یہ صرف دوسرا موقع ہے کہ کسی جوڑی نے ٹیسٹ کرکٹ میں 400 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی ہو۔ اس سے قبل 1991 میں مارٹن کرو اور اینڈریو جونز نے سری لنکا کے خلاف 467 رنز کی شراکت بنائی تھی۔
اس تاریخی شراکت کی بدولت ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 626 رنز بنا کر سری لنکا کے خلاف اپنی ٹیسٹ تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بھی ریکارڈ کیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کا بہترین اسکور 2010 کے گال ٹیسٹ میں 580 رنز تھا۔
یہ دسمبر 2013 کے بعد پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے کسی ٹیسٹ اننگز میں 500 سے زائد رنز بنائے ہیں، جب کہ نومبر 2012 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم نے 600 سے زائد رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
دونوں بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، جہاں عامر جنگو نے 233 رنز جبکہ روسٹن چیز نے 194 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 308 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جب کہ ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 626 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔







