لوکاس تریخو کے کلب نے جاری بیان میں اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فٹبالر اور ان کے اہلِ خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور دونوں بچے، آرون تریخو اور آئینہوا تریخو، وینزویلا کے ساحلی علاقے پلایا گراندے میں موجود تھے، جہاں ان کی رہائشی عمارت زلزلے کے باعث منہدم ہو گئی۔

ابتدائی طور پر تینوں لاپتہ قرار دیے گئے تھے، تاہم بعد ازاں امدادی ٹیموں نے ملبے سے ان کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکاس میں آئندہ میچ کی تیاری میں مصروف تھے۔ واقعے کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی اہلیہ اور بچوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے عوام سے دعا اور مدد کی اپیل کی تھی، مگر بعد میں ان کی وفات کی تصدیق ہو گئی۔

مزید پڑھیں: بین اسٹوکس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

اقوامِ متحدہ کے مطابق 24 جون کو وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں سے تقریباً 67 لاکھ 60 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، جبکہ تقریباً 1,500 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہزاروں افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ امدادی کارروائیاں متاثرہ علاقوں میں بدستور جاری ہیں۔