ورلڈ کپ جیتنے والی اسپینش ٹیم کا خصوصی طیارہ میڈرڈ ایئرپورٹ پر لینڈ کیا تو فضاء جشن کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اسپین کے کپتان روڈری ورلڈ کپ ٹرافی ہاتھوں میں تھامے طیارے سے باہر آئے۔
اس موقع پر اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اور اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ ایئرپورٹ پر شائقین نے قومی پرچم لہرا کر اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنے ہیروز کا استقبال کیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو ایک صفر (1-0) سے شکست دے کر اپنی تاریخ میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
نیویارک میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے ابتدا ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور منظم دفاع، شاندار مڈفیلڈ کنٹرول اور مؤثر حکمت عملی کی بدولت ارجنٹینا کو کامیابی حاصل کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔
ورلڈ کپ میں غیرمعمولی کارکردگی دکھانے پر اسپین کے کپتان روڈری کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ (گولڈن بال) کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے پورے ایونٹ میں مڈفیلڈ میں شاندار قیادت، بہترین پاسنگ، دفاعی استحکام اور فیصلہ کن کھیل پیش کرکے اسپین کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔
اس کے علاوہ ینگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز بھی اسپین کے فٹبالر پاو کوبارسی نے اپنے نام کیا
اس تاریخی فتح کے ساتھ اسپین نے آئندہ چار برس کے لیے عالمی فٹبال کی حکمرانی اپنے نام کر لی ہے۔ ٹیم کی کامیابی کو منظم منصوبہ بندی، مضبوط ٹیم ورک، بہترین کوچنگ اور نوجوان کھلاڑیوں کی شاندار صلاحیتوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: لارڈز میں انگلینڈ کا راج، انڈیاکو شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی
ورلڈ کپ ٹائٹل کے ساتھ اسپین نے ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیا کہ وہ عالمی فٹبال کی صفِ اول کی طاقتوں میں شامل ہے، جبکہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین اس تاریخی کامیابی کو طویل عرصے تک یاد رکھیں گے۔






