فیفا ورلڈ کپ میں آج شائقین کو ایک بڑا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، جہاں فرانس کے کیلیان ایمباپے اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں اپنے ابتدائی دو، دو میچ جیت کر پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا چکی ہیں، تاہم یہ مقابلہ گروپ آئی میں پہلی پوزیشن کے فیصلے کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

ایمباپے اور ہالینڈ دونوں نے ٹورنامنٹ میں اب تک چار، چار گول کیے ہیں، جبکہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں ارجنٹائن کے لیونل میسی پانچ گول کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست 2022 سے فرانس نے ایمباپے کی موجودگی میں تقریباً 70 فیصد میچ جیتے، جبکہ ان کے بغیر کامیابی کی شرح 50 فیصد رہی۔ دوسری جانب ناروے نے ہالینڈ کے ساتھ 64.5 فیصد اور ان کے بغیر صرف 33.3 فیصد میچ جیتے، جو اپنی اپنی ٹیموں میں دونوں کھلاڑیوں کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

ایمباپے ورلڈ کپ میں اب تک 16 میچوں میں 16 گول کر چکے ہیں اور مجموعی گولز کی فہرست میں لیونل میسی سے صرف دو گول پیچھے ہیں۔ دوسری طرف ہالینڈ اپنے پہلے ہی ورلڈ کپ میں شاندار فارم میں ہیں اور ناروے کے لیے مسلسل 12 مقابلہ جاتی بین الاقوامی میچوں میں گول کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: جنوبی افریقا نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا

کھیل کے انداز میں بھی دونوں میں واضح فرق ہے۔ ایمباپے رفتار، ڈربلنگ اور مواقع پیدا کرنے میں نمایاں ہیں، جبکہ ہالینڈ گول کرنے کے مواقع کو بہترین انداز میں استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

فٹبال شائقین کی نظریں اس سنسنی خیز مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں نہ صرف گروپ کی پہلی پوزیشن بلکہ گولڈن بوٹ کی دوڑ بھی مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔