فیفا کے مطابق مجموعی طور پر 30 خصوصی رنگز فاتح ٹیم کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ ہر رنگ میں ننھی ورلڈ کپ ٹرافی کا ڈیزائن اور اندرونی حصے پر خصوصی کندہ کاری موجود ہوگی۔ اس کے علاوہ 1996 یادگاری رنگز شائقین کے لیے بھی فروخت کی جائیں گی تاکہ وہ اس تاریخی ورلڈ کپ کی یاد اپنے پاس محفوظ رکھ سکیں۔

چیمپئن رنگز دینے کی روایت امریکی کھیلوں، خصوصاً این ایف ایل کے سپر باؤل میں کئی دہائیوں سے رائج ہے، تاہم فیفا پہلی مرتبہ اس روایت کو ورلڈ کپ کا حصہ بنا رہی ہے۔

وائٹ ہاؤس اور فیفا دونوں نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں شریک ہوں گے۔ اگرچہ ٹرمپ پورے ورلڈ کپ کے دوران ہونے والے 102 میچوں میں سے کسی میں بھی موجود نہیں تھے، لیکن وہ فیصلہ کن مقابلہ دیکھنے اور اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔

ٹورنامنٹ کے دوران فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو اور ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات بھی توجہ کا مرکز رہے، خصوصاً اس وقت جب امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کے ریڈ کارڈ پر نظرثانی کے فیصلے نے ٹورنامنٹ کی شفافیت سے متعلق بحث چھیڑ دی تھی۔ بالوگن کو ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلنے کی اجازت ملی، تاہم امریکا بیلجیم کے خلاف 4-1 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

 مزید پڑھیں: یورپی چیمپئن بمقابلہ کوپا امریکہ چیمپئن، تاریخ کا منفرد ورلڈ کپ فائنل

یاد رہے کہ تیسری پوزیشن کے لیے انگلینڈ اور فرانس کا مقابلہ ہفتہ کو میامی میں کھیلا جائے گا، جبکہ اتوار کو ارجنٹینا اور اسپین ورلڈ کپ ٹرافی کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔