انگلینڈ اتوار کو ٹورنامنٹ کے مشترکہ میزبان میکسیکو کے خلاف آخری 16 مرحلے کا اہم مقابلہ کھیلے گا، جس سے قبل ٹیم جمعہ کو میکسیکو سٹی پہنچی۔

انگلینڈ کی ٹیم کے ہوٹل کے باہر سینکڑوں مقامی شائقین موجود تھے۔ جیسے ہی ٹیم کی بس ہوٹل پہنچی، کچھ افراد نے میکسیکو کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ متعدد شائقین نے انگلش ٹیم کے خلاف ہوٹنگ بھی کی۔

صورتحال کے پیشِ نظر انگلینڈ کے ہوٹل کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ ہوٹل کے داخلی راستے پر میکسیکو کی نیشنل گارڈ کے اہلکار تعینات ہیں، جبکہ سڑک پر رکاوٹوں کے ساتھ فسادات سے نمٹنے والی پولیس بھی موجود ہے۔

سکیورٹی کے سخت انتظامات کی ایک بڑی وجہ ایکواڈور کی جانب سے فیفا میں درج کرائی گئی شکایت بھی ہے۔ ایکواڈور، جسے آخری 32 مرحلے میں میکسیکو نے 2-0 سے شکست دی تھی، نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی شائقین نے رات گئے ان کے ہوٹل کے باہر لاؤڈ اسپیکرز، گاڑیوں کے ہارن اور موٹرسائیکلوں کے ذریعے شور مچا کر کھلاڑیوں کی نیند خراب کی۔

اسی خدشے کے باعث انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے ہوٹل کا مقام خفیہ رکھنے کی کوشش کی، تاہم اطلاعات کے مطابق اس کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئیں، جس کے بعد بڑی تعداد میں مقامی شائقین ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے۔

دوسری جانب انگلینڈ کی تیاریوں کو اس وقت بھی دھچکا لگا جب فیفا نے خراب موسمی حالات کے خدشے کے پیشِ نظر میچ کو چھ گھنٹے پہلے کرانے کی تجویز پر غور کیا۔ تاہم انگلش فٹبال ایسوسی ایشن اور میکسیکن فٹبال فیڈریشن کے اعتراض کے بعد میچ اپنے مقررہ وقت پر ہی کھیلنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

مزید پڑھیں:عظیم مڈفیلڈر لوکا موڈرک کا کیرئیر اختتام کے قریب 

انگلینڈ کو میچ میں ایک اور بڑے چیلنج کا بھی سامنا ہوگا، کیونکہ میکسیکو سٹی سطحِ سمندر سے تقریباً 2,240 میٹر بلند مقام پر واقع ہے، جہاں آکسیجن کی مقدار نسبتاً کم ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے ماحول سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو عام طور پر ایک سے دو ہفتے درکار ہوتے ہیں، لیکن انگلینڈ کو اس بلندی پر محدود وقت میں ہی مقابلہ کرنا ہوگا۔