ایشیا کپ 2025 میں تنازع کا باعث بننے والے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ ایک بار پھر خبروں کا موضوع بن گئے ہیں۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب انڈیا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف احمد آباد میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پائی کرافٹ کو ریفری مقرر کیا۔
ٹاس کے دوران سابق انڈین کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر روی شاستری نے طنزیہ انداز میں کہا اینڈی پائی کرافٹ کی دبئی سے براہ راست ہاٹ سیٹ پر گھر واپسی۔
اس تبصرے پر انڈین شائقین نے خوشی کا اظہار کیا جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور کرکٹ ماہرین نے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے ایک میچ میں اینڈی پائی کرافٹ کے فیصلوں پر پاکستان نے سخت اعتراض کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس کے بعد جب پائی کرافٹ کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اگلے میچ میں بھی ریفری مقرر کیا گیا تو پاکستان نے میچ کے بائیکاٹ کا عندیہ دیا تھا۔
اس موقع پر پاکستانی ٹیم ہوٹل میں ہی موجود رہی اور اسٹیڈیم جانے سے انکار کر دیا۔ اس دوران عالمی کرکٹ کونسل نے ہنگامی اجلاس بلایا جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بعد ازاں اینڈی پائی کرافٹ نے اپنے رویے پر معذرت کی جس کے بعد پاکستان نے میچ کھیلنے کی اجازت دی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق انڈیا کی جانب سے اس معاملے کو دوبارہ اٹھانا اور روی شاستری جیسے سینئر سابق کھلاڑی کی جانب سے اس نوعیت کا تبصرہ کھیل سے زیادہ سیاسی حکمت عملی محسوس ہوتا ہے۔
کرکٹ حلقوں میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ آئی سی سی کو ریفری جیسے حساس عہدوں پر تقرری کے وقت تمام بورڈز کے تحفظات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے تاکہ کھیل کا غیر جانبدارانہ پہلو برقرار رکھا جا سکے۔





