چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے دورے کے دوران بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سے  مذاکرات کریں گے۔ ملاقاتوں میں آئندہ ایشیا کپ 2027 کی تیاریوں، شیڈول، وینیوز اور انتظامی معاملات پر مشاورت متوقع ہے۔

 محسن نقوی کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال سے بھی خصوصی ملاقات طے ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔ اس موقع پر مستقبل میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مزید دوطرفہ سیریز کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں ایشیا کپ کے کامیاب انعقاد کے لیے سیکیورٹی، براڈکاسٹنگ، ٹیموں کی آمدورفت اور شائقین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے جیسے اہم امور بھی زیر غور آئیں گے۔ بنگلہ دیش کو ایشیا کپ 2027 کی میزبانی دیے جانے کے بعد یہ دورہ غیرمعمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

مزید پڑھیں: انڈیا کا پاکستان کے ساتھ کسی بھی کھیل کی دوطرفہ سیریز کھیلنے سے انکار

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی اپنے قیام کے دوران پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق اس دورے کو دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات میں بہتری اور مستقبل کی مشترکہ حکمت عملی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں ایشیائی کرکٹ سیاست اور ٹورنامنٹس کے انعقاد سے متعلق مختلف معاملات پر کئی اہم پیش رفت سامنے آتی رہی ہیں، ایسے میں محسن نقوی کا یہ دورہ مستقبل کے بڑے فیصلوں کے تناظر میں نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔