لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 360 رنز ہی بنا سکی۔

بھارت کی جانب سے روہت شرما نے شاندار 138 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔ کپتان شبمن گل نے 77، ویرات کوہلی نے 74، ایشان کشن نے 14 جبکہ شریاس آئیر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ گُرنور برار 18 اور ارشدیپ سنگھ 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے سیم کرن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جوفرا آرچر، جیکب بیتھل اور عادل راشد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 387 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

میزبان ٹیم کے اوپنر بین ڈکٹ نے شاندار 141 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جیکب بیتھل نے 74 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ جو روٹ 74 اور جوس بٹلر جارحانہ 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے پرسدھ کرشنا نے 2 جبکہ پرنس یادو نے 1 وکٹ حاصل کی۔