لاہور ٹیسٹ کے تیسرے دن جنوبی افریقی ٹیم 378 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 269 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح پاکستان کو پہلی اننگز میں 109 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
جنوبی افریقہ نے دن کا آغاز 216 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ ٹونی ڈی ذورزی 81 اور سینورن متھوسوامی 6 رنز سے اننگز شروع کرنے میدان میں اترے۔
کھیل کے آغاز پر متھوسوامی 11 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ٹونی ڈی ذورزی نے شاندار سنچری مکمل کی مگر 104 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ دے بیٹھے۔ گیسو ربادا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے 3 اور سلمان علی آغا نے ایک وکٹ لی۔
پاکستان کی پہلی اننگز میں پوری ٹیم 378 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93، 93 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان شان مسعود نے 76 اور محمد رضوان نے 75 رنز بنائے۔ اس کارکردگی سے پاکستان نے میچ پر گرفت مضبوط کر لی۔





