گروپ مرحلے میں جمہوریہ چیک کے خلاف اہم ڈرا کے بعد جنوبی افریقی ٹیم نے جنوبی کوریا کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی۔

مونتری میں کھیلے گئے اس اہم میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول دوسرے ہاف میں تھاپیلو ماسی کو نے اسکور کیا، جس نے جنوبی افریقا کی تاریخی فتح یقینی بنا دی۔

جنوبی کوریا کے ہیڈ کوچ میونگ بو ہونگ نے حیران کن فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم کے کپتان اور اسٹار فٹبالر سون ہیونگ من کو ابتدائی لائن اپ میں شامل نہیں کیا، جس پر شائقین نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔

جنوبی کوریا نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ قائم مقام کپتان کم من جے کا طاقتور ہیڈر گول لائن پر آبری موڈیبا نے روک دیا، جب کہ لی کانگ اِن کی ایک کوشش ہدف سے باہر چلی گئی۔

ابتدائی دباؤ کے بعد جنوبی افریقا نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم متعدد مواقع ضائع ہونے کے باعث اسکور نہ بڑھ سکا۔

تاہم دوسرے ہاف میں تھاپیلو ماسی کو کے فیصلہ کن گول نے جنوبی افریقا کو برتری دلا دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

اس کامیابی کے ساتھ جنوبی افریقا نے پہلی بار ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا کر اپنی فٹبال تاریخ کا نیا باب رقم کر دیا، جبکہ جنوبی کوریا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔