25 سالہ ہالینڈ نے ہلکے رنگ کی بیس بال کیپ اور گہرے دھوپ کے چشمے پہن کر شہر کے معروف مقامات کا دورہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹائمز اسکوائر اور مشہور ریسٹورنٹ کیٹز ڈیلی کے باہر لی گئی تصاویر شیئر کیں، جبکہ بیشتر شہری انہیں پہچان نہ سکے۔

ہالینڈ نے اسنیپ چیٹ پر مزاحیہ انداز میں لکھا کہ "سچ پوچھیں تو بالوں کو چھپانے میں مدد ملتی ہے"، اشارہ ان کے مشہور سنہرے بالوں کی جانب تھا جو میدان میں ان کی پہچان سمجھے جاتے ہیں۔

ناروے کے اسٹرائیکر نے عراق کے خلاف ورلڈ کپ کے میچ میں دو گول اسکور کیے تھے، جس کی بدولت ان کی ٹیم نے 28 برس بعد ورلڈ کپ میں واپسی کرتے ہوئے 4-1 سے کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد کھلاڑیوں کو چند دن آرام کا موقع دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ہالینڈ کے گولوں پر شائقین کا ایسا جشن کہ زلزلہ پیما آلات بھی حرکت ریکارڈ کرنے لگے

 ناروے اب 22 جون کو نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں سینیگال کے خلاف میدان میں اترے گا۔ سینیگال کو اپنے پہلے گروپ میچ میں فرانس کے ہاتھوں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ناروے کے کوچ اسٹالے سولباکن نے کھلاڑیوں کو وقفہ دینے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کو ذہنی تازگی کے لیے کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ ان کے مطابق مختصر آرام سے کھلاڑی اگلے میچوں کے لیے زیادہ بہتر انداز میں تیار ہو سکیں گے۔