فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 نعشیں اسپتالوں میں لائی گئیں، جن میں 7 افراد حالیہ حملوں میں شہید ہوئے جب کہ ایک لاش ملبے سے نکالی گئی۔ اسی دوران 24 زخمیوں کو بھی طبی امداد فراہم کی گئی۔

فلسطینی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری حملوں کے دوران زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار 274 تک پہنچ چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 11 اکتوبر کو اعلان کردہ جنگ بندی کے بعد بھی کم از کم 773 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 171 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ امدادی ٹیموں نے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 761 نعشیں نکالی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا ایسے علاقوں میں موجود ہیں جہاں امدادی ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں، جس کے باعث اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

مزید برآں، شہداء کی توثیق کرنے والی کمیٹی کی جانب سے حالیہ دنوں میں 196 مزید شہادتوں کو مجموعی اعداد و شمار میں شامل کیا گیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ نقصانات کی مکمل تفصیلات جمع کرنا بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ پر تنقید نہیں کی، بیانات کو میڈیا میں غلط انداز میں پیش کیا گیا: پوپ لیو

خیال رہے کہ جاری حملوں اور محدود وسائل کے باعث امدادی کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، جس سے انسانی بحران مزید سنگین صورت اختیار کر رہا ہے۔