یہ میچ ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے اور دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اتری ہیں۔
اس سے قبل کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 128 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی تھی۔ اس میچ میں جمعے کو میرپور میں بنگلہ دیش کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 274 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 114 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بنگلہ دیش کی اننگز کے دوران بارش کے باعث میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا، تاہم کھیل دوبارہ شروع ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت بنگلہ دیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا نیا ہدف دیا گیا تھا۔
پاکستان نے یکطرفہ مقابلے کے بعد ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 128 رنز سے کامیابی حاصل کی اور سیریز برابر کر دی۔
واضح رہے کہ اسی میدان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو تمام شعبوں میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اب سیریز کا تیسرا میچ فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہے۔






