رپورٹس کے مطابق فیفا کے روایتی پری میچ پروٹوکول میں شریک ٹیموں کے قومی پرچم میدان میں نمایاں کیے جاتے ہیں، تاہم سعودی عرب کے پرچم کے معاملے میں مختلف طریقہ اختیار کیا گیا۔ انتظامیہ نے سعودی پرچم کو خصوصی مقام پر نصب کیا تاکہ اس کے احترام اور تقدس کو برقرار رکھا جاسکے۔
سعودی پرچم پر کلمہ طیبہ درج ہے، جو اسلامی عقیدے کی بنیادی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے سعودی قوانین اور مذہبی روایات کے تحت قومی پرچم کو زمین پر رکھنا، اس پر قدم آنا یا ایسے انداز میں استعمال کرنا جس سے بے ادبی کا تاثر پیدا ہو، انتہائی حساس معاملہ تصور کیا جاتا ہے۔
اسی مذہبی اور ثقافتی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیفا انتظامیہ نے سعودی پرچم کو میدان کی سطح پر پھیلانے کے بجائے بلند مقام پر آویزاں کیا، تاکہ عالمی ایونٹ کے دوران سعودی عرب کے قومی پرچم کا احترام برقرار رکھا جاسکے۔
سوشل میڈیا پر بھی سعودی پرچم کے اس خصوصی انتظام پر بحث جاری رہی، جہاں کئی صارفین نے اسے سعودی ثقافت اور مذہبی اقدار کے احترام کی مثال قرار دیا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ: سویڈن کے ہاتھوں عبرت ناک شکست، تیونس نے ہیڈ کوچ کو برطرف کر دیا
واضح رہے کہ فیفا ورلڈکپ 2026 کے گروپ مرحلے میں سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان کھیلا گیا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میامی اسٹیڈیم میں ہونے والے دلچسپ مقابلے میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، تاہم کوئی بھی ٹیم فیصلہ کن برتری حاصل نہ کرسکی۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ جیسے عالمی ایونٹ میں مختلف ممالک کی ثقافتی اور مذہبی روایات کا خیال رکھنا انتظامیہ کے لیے اہم ہوتا ہے، اور سعودی پرچم کے حوالے سے اختیار کیا گیا طریقہ اسی احترام کی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔






