امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور مراکش کے گول پر مسلسل حملے کیے۔

پہلے ہاف میں فرانس کو اس وقت سنہری موقع ملا جب کپتان کیلیان ایمباپے کو پنالٹی ملی، تاہم مراکش کے گول کیپر نے ان کی شاٹ شاندار انداز میں روک کر گول نہ ہونے دیا۔ یوں پہلے ہاف کا اختتام بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

دوسرے ہاف میں فرانسیسی ٹیم نے دباؤ برقرار رکھا اور 60ویں منٹ میں ایمباپے نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ صرف چھ منٹ بعد، 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے ایک خوبصورت گول کرکے اس برتری کو دگنا کر دیا۔

مراکش کو 82ویں منٹ میں فری کک ملی، تاہم فرانسیسی گول کیپر نے بہترین دفاع کرتے ہوئے گول نہ ہونے دیا۔ اس کے بعد بھی مراکش کو ایک اور موقع ملا، لیکن وہ اسے بھی گول میں تبدیل نہ کر سکا۔

یوں فرانس نے 0-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ فیفا ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

کیلیان ایمباپے نے اس میچ میں گول کرنے کے بعد رواں ورلڈکپ میں اپنے گولوں کی تعداد 8 کر دی۔ اس کے ساتھ ہی وہ فیفا ورلڈکپ کے دو مختلف ایڈیشنز میں 8، 8 گول کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل ایمباپے نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022 میں بھی مجموعی طور پر 8 گول کیے تھے۔