ہوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے ازبکستان کو 5-0 سے شکست دے دی، جبکہ 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔

میچ کے چھٹے منٹ میں جواؤ کینسلو کے شاندار کراس پر رونالڈو نے دائیں پیر سے خوبصورت گول اسکور کیا اور اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے جنہوں نے 6 مختلف فیفا ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

رونالڈو نے 2006، 2010 اور 2014 کے ورلڈ کپ میں ایک، ایک گول، 2018 میں چار اور 2022 میں ایک گول کیا تھا، جب کہ اب 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی گول کر کے انہوں نے تاریخ رقم کر دی۔

اس گول کے ساتھ رونالڈو فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے ہیں، جبکہ یہ ریکارڈ اب بھی کیمرون کے راجر میلا کے پاس ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ لیونل میسی بھی رواں سال اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شریک ہیں، تاہم وہ ہر ورلڈ کپ ایڈیشن میں گول کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکے۔