تفصیلات کے مطابق اس بار ورلڈ کپ پہلی مرتبہ 48 ٹیموں پر مشتمل ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
حالیہ کوالیفائنگ مرحلے میں عراق اور جمہوریہ کانگو نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں اپنی جگہ یقینی بنائی، جس کے ساتھ ہی طویل کوالیفائنگ مرحلہ مکمل ہو گیا۔ یہ مرحلہ ستمبر 2023 میں شروع ہوا تھا جس میں دنیا بھر کی چھ کنفیڈریشنز کی ٹیموں نے شرکت کی۔
یورپ سے بڑی خبر یہ رہی کہ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹلی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی، جبکہ چیک ریپبلک، ترکی اور سوئیڈن نے کامیابی کے ساتھ ایونٹ میں جگہ بنا لی۔
نیا فارمیٹ اور گروپس
ٹورنامنٹ کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہیں، جہاں ابتدائی مرحلے میں تمام ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچز کھیلیں گی۔
گروپ اے:
میکسیکو، جنوبی افریقا، جنوبی کوریا، چیک ریپبلک
گروپ بی:
کینیڈا، بوسنیا و ہرزیگووینا، سوئٹزرلینڈ، قطر
گروپ سی:
برازیل، مراکش، اسکاٹ لینڈ، ہیٹی
گروپ ڈی:
امریکا، پیراگوئے، آسٹریلیا، ترکی
گروپ ای:
جرمنی، ایکواڈور، آئیوری کوسٹ، کوراکاؤ
گروپ ایف:
نیدرلینڈز، جاپان، تیونس، سوئیڈن
گروپ جی:
بیلجیم، ایران، مصر، نیوزی لینڈ
گروپ ایچ:
اسپین، کیپ وردے، یوراگوئے، سعودی عرب
گروپ آئی:
فرانس، سینیگال، عراق، ناروے
گروپ جے:
ارجنٹینا، الجزائر، آسٹریا، اردن
گروپ کے:
پرتگال، کولمبیا، ازبکستان، جمہوریہ کانگو
گروپ ایل:
انگلینڈ، کروشیا، پاناما، گھانا
فائنل کب اور کہاں؟
ٹورنامنٹ کا فائنل 19 جولائی 2026 کو نیویارک کے مشہور میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں نئے عالمی چیمپئن کا فیصلہ ہوگا۔
The greatest show in the world is ready. Are you? 🏆#FIFAWorldCup pic.twitter.com/ISxLhuLUkm
— FIFA World Cup (@FIFAWorldCup) April 1, 2026
ماہرین کے مطابق 48 ٹیموں پر مشتمل یہ پہلا ورلڈ کپ نہ صرف مقابلوں کو مزید دلچسپ بنائے گا بلکہ چھوٹی ٹیموں کو بھی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
فٹبال شائقین کے لیے یہ ایونٹ ایک بڑے اسپورٹس فیسٹیول سے کم نہیں ہوگا، جہاں دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی، اور شائقین کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔






