امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ٹورنامنٹ نے اختتام سے قبل ہی گزشتہ دو ورلڈ کپ کا مشترکہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

فیفا کے مطابق ابتدائی 100 میچز میں مجموعی طور پر 65 لاکھ 27 ہزار 410 شائقین اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے پہنچے، جو روس 2018 اور قطر 2022 ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر آنے والے 64 لاکھ 36 ہزار 20 تماشائیوں سے زیادہ ہے۔

روس میں 2018 کے ورلڈ کپ کے دوران 30 لاکھ 31 ہزار 768 جبکہ قطر میں 2022 کے ورلڈ کپ کے دوران 34 لاکھ 4 ہزار 252 شائقین نے اسٹیڈیمز میں جا کر میچز دیکھے تھے۔

فیفا کے مطابق موجودہ ایڈیشن میں تماشائیوں کی غیر معمولی دلچسپی ٹورنامنٹ کی عالمی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2026 میں ابھی دو سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل باقی ہے، جن میں مزید لاکھوں شائقین کی شرکت متوقع ہے۔ اس طرح امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹورنامنٹ اختتام تک تماشائیوں کی تعداد کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دے گا۔