تفصیلات کے مطابق بوسٹن کے جلیٹ اسٹیڈیم میں شیڈول میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد اوہابی نے کہا کہ اسماعیل صیباری کے علاوہ ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ میچ صیباری کے لیے بہت جلد آ گیا ہے، تاہم امید ہے کہ وہ آئندہ میچز تک مکمل فٹ ہو جائیں گے۔

اسماعیل صیباری نے حال ہی میں نیدرلینڈز کے کلب پی ایس وی آئندھوون سے 5 کروڑ یورو (57 ملین ڈالر) کے عوض بائرن میونخ میں شمولیت اختیار کی ہے۔ وہ ورلڈ کپ میں مراکش کے نمایاں کھلاڑی رہے ہیں۔

انہوں نے گروپ مرحلے کے تینوں میچوں میں گول کیے، جب کہ راؤنڈ آف 32 میں نیدرلینڈز کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں فیصلہ کن گول بھی اسکور کیا۔ تاہم راؤنڈ آف 16 میں کینیڈا کے خلاف میچ کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد میدان چھوڑنا پڑا تھا۔

مراکش کی ٹیم 2022 کے فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل میں فرانس کے ہاتھوں 2-0 کی شکست کا بدلہ لینے کے لیے میدان میں اترے گی۔

ہیڈ کوچ محمد اوہابی نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ کوارٹر فائنل تک رسائی ہی ان کی ٹیم کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم کل کا میچ ہر صورت جیتنا چاہتے ہیں اور سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔

دوسری جانب مراکش اور ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑی ابراہیم ڈیاز نے کہا کہ وہ فرانس جیسی مضبوط ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور انہیں اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے۔

واضح رہے کہ اس میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں اسپین یا بیلجیم میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گی۔