میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز اسکور کیے۔ تاہم بارش کے باعث بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلے گئے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف اپنی اننگز کے 48ویں اوور میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نوجوان معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
سلمان علی آغا نے سات چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ محمد رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے تین، جب کہ مہدی حسن میراز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بعد ازاں بارش کے باعث میچ متاثر ہوا اور بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا ہدف دیا گیا۔
243 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 24ویں اوور میں 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈھاکہ: بنگلہ دیشی کپتان کو سلمان علی آغا کو متنازع رن آؤٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا
بنگلادیش نے پہلا میچ آٹھ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی، جب کہ آج کے میچ میں کامیابی کے بعد سیریز اب ایک ایک سے برابر ہو چکی ہے، سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ اتوار کے روز کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ آج کے میچ میں پاکستان کی فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان، سلمان علی آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل تھے۔





