34 سالہ نیمار نے ناروے کے خلاف ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بطور متبادل میدان میں قدم رکھا، تاہم وہ برازیل کو شکست سے نہ بچا سکے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں انہوں نے پنالٹی پر ایک گول ضرور کیا، لیکن وہ برازیل کی شکست اور ٹورنامنٹ سے اخراج کو نہ روک سکا۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیمار جذباتی دکھائی دیے۔ انہوں نے کہا، "میں نے پوری کوشش کی، میں نے ہر ممکن جدوجہد کی، لیکن اب سب ختم ہو گیا۔ میں نے یہیں سے آغاز کیا تھا اور آج یہیں اپنی منزل مکمل کر دی۔"

نیمار نے اگست 2010 میں امریکہ کے خلاف اسی میٹ لائف اسٹیڈیم میں برازیل کے لیے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا تھا اور ڈیبیو پر ہی گول کرکے اپنے شاندار سفر کا آغاز کیا تھا۔ تقریباً سولہ برس پر محیط اپنے بین الاقوامی کیریئر میں وہ برازیل کی تاریخ کے کامیاب ترین گول اسکورر بنے اور 130 بین الاقوامی میچوں میں 80 گول کرکے ایک نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والوں کی فہرست میں وہ صرف لیجنڈ کافو کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

چوٹوں کے باعث نیمار 2023 کے بعد طویل عرصے تک قومی ٹیم سے دور رہے، تاہم انہیں 2026 ورلڈ کپ کے لیے دوبارہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف گروپ مرحلے کے میچ اور ناروے کے خلاف ناک آؤٹ مقابلے میں شرکت کی، جو ان کے بین الاقوامی کیریئر کا آخری میچ ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: 2026 ورلڈ کپ میرا آخری ٹورنامنٹ ہوگا، کرسٹیانو رونالڈو کا اعلان

نیمار نے اپنے کیریئر کے دوران 2014، 2018، 2022 اور 2026 سمیت چار فیفا ورلڈ کپ میں برازیل کی نمائندگی کی۔ اگرچہ وہ اپنی قومی ٹیم کو عالمی چیمپئن نہ بنا سکے، تاہم اپنی غیرمعمولی صلاحیت، شاندار گولز، ڈریبلنگ اور یادگار کارکردگی کے باعث وہ برازیل کی فٹبال تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

نیمار کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ برازیل کی قومی ٹیم کا ایک سنہری باب اختتام پذیر ہو گیا، جبکہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین ایک ایسے کھلاڑی کو الوداع کہہ رہے ہیں جس نے ایک دہائی سے زائد عرصے تک اپنے کھیل سے لاکھوں دل جیتے۔