گل فیروزہ نے 77 گیندوں پر 78 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے شامل تھے، جبکہ سدرہ امین نے 94 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ایک اینڈ سنبھالے رکھا۔ عائشہ ظفر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں اور کپتان فاطمہ ثناء نے فاتحانہ چوکا لگا کر ٹیم کو 42 گیندیں قبل کامیابی دلا دی۔
یہ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 میں پاکستان کی مسلسل پانچویں فتح ہے، جس کے بعد قومی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا نے اعتماد کے ساتھ آغاز کیا۔ وشمی گونارتنے اور کپتان چماری اتھاپتھو نے پہلی وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت قائم کی۔ گونارتنے 28 رنز بنا کر نشرا سندھو کا شکار بنیں۔
اس کے بعد چماری اتھاپتھو اور حسینی پریرا نے 53 رنز کا اضافہ کیا، تاہم نشرا سندھو نے ایک مرتبہ پھر اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کو 46 رنز پر بولڈ کر دیا۔
109 رنز پر صرف دو وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار واپسی کی۔ حسینی پریرا اور کویشا دلہاری نے 35، 35 رنز بنائے، جبکہ نیلاکشیکا سلوا 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ آخری سات اوورز میں سری لنکا صرف 32 رنز بنا سکا اور اس دوران پانچ وکٹیں بھی گنوا بیٹھا، یوں مقررہ 50 اوورز میں اس کا مجموعہ 9 وکٹوں پر 210 رنز رہا۔
پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسمیہ رباب نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ امِ ہانی اور سیدہ عروب شاہ نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو گل فیروزہ اور صدف شمس نے 58 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ صدف شمس 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جس کے بعد گل فیروزہ اور سدرہ امین نے دوسری وکٹ کے لیے 90 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے پاکستان کی پوزیشن مضبوط کر دی۔
گل فیروزہ نے صرف 47 گیندوں پر اپنی مسلسل چوتھی ون ڈے نصف سنچری مکمل کی اور 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سدرہ امین نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 57 رنز بنائے۔
اگرچہ سری لنکا نے درمیان میں 22 رنز کے اندر تین وکٹیں حاصل کر کے میچ میں واپسی کی کوشش کی، تاہم عائشہ ظفر اور کپتان فاطمہ ثناء نے پراعتماد انداز میں اننگز مکمل کرتے ہوئے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔
مزید پڑھیں: فیلڈنگ کوچ شین میکڈرموٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
78 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر گل فیروزہ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا اپنی ٹیم کے لیے کارکردگی دکھانا میرے لیے باعثِ فخر ہے اور پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے ہفتے کے روز اسی میدان میں کھیلا جائے گا، جہاں قومی ٹیم کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔






