فیفا نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ 3 جولائی کو میامی اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور کیبو ورڈے کے درمیان راونڈ آف 32 کے میچ کے دوران ایک تماشائی اور آئی شو اسپیڈ کے درمیان پیش آنے والے واقعے سے آگاہ ہوتے ہی فوری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
FIFA launches an investigation into racism toward popular streamer IShowSpeed in the stands during the World Cup match between Argentina and Cape Verde. #IShowSpeed #Speed #WorldCup #Argentina #CapeVerde pic.twitter.com/PrdE8Wtwaz
— The Associated Press (@AP) July 7, 2026
بیان میں کہا گیا کہ فیفا نسل پرستی، نفرت اور ہر قسم کے امتیازی سلوک کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔ تنظیم کے مطابق فیفا ورلڈ کپ اتحاد، تنوع اور باہمی احترام کی علامت ہے اور ان اقدار کے منافی رویے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق میچ کے دوران آئی شو اسپیڈ نے اسٹیڈیم میں موجود ایک خاتون تماشائی سے بات کرنے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مبینہ طور پر ہسپانوی زبان میں ان کے خلاف توہین آمیز جملہ کہا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے۔
آئی شو اسپیڈ فیفا، امریکی نشریاتی ادارے فاکس اسپورٹس اور یوٹیوب کے درمیان معاہدے کے تحت ورلڈ کپ میچز کی لائیو اسٹریمنگ کر رہے ہیں۔ وہ دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا انفلوئنسرز میں شمار ہوتے ہیں اور مختلف پلیٹ فارمز پر ان کے 150 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی رویے کو قبول نہیں کرے گا جو کھیل کے ذریعے اتحاد، احترام اور مساوات کے فروغ کے مقصد کو نقصان پہنچائے۔







