میڈیا رپورٹس کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائز حیدرآباد کے درمیان چنّا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بڑی تعداد میں شائقین اس واردات کا شکار بنے۔
پولیس اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر چوریاں اسٹیڈیم کے مختلف اسٹینڈز میں اس وقت ہوئیں جب میچ اپنے عروج پر تھا اور خاص طور پر دوسری اننگز میں شدید رش دیکھنے میں آیا۔ کئی متاثرہ افراد کے مطابق وہ اپنے موبائل فونز سے اس وقت محروم ہوئے جب وہ نشستوں سے اٹھ کر کھانے پینے کی اشیا لینے گئے یا رش والے راستوں سے گزر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم کے اطراف میں بھی چوری کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں قریبی کبن پارک اور میٹرو اسٹیشنز کے علاقے شامل ہیں، جہاں میچ کے باعث غیر معمولی ہجوم دیکھنے میں آیا۔
پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ کرناٹک پولیس کے ماتحت مختلف تھانوں میں شکایات درج کر لی گئی ہیں، جبکہ متعدد متاثرین نے پولیس کی موبائل ایپ کے ذریعے ای-لاسٹ رپورٹس بھی جمع کروا دی ہیں۔
مرکزی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس اکشے ہاکے کے مطابق اب تک کم از کم 30 موبائل فونز چوری ہونے کی باضابطہ اطلاعات موصول ہو چکی ہیں، جبکہ مزید شکایات سامنے آنے کا بھی امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اسٹیڈیم اور اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بڑے اجتماعات میں اپنی قیمتی اشیا کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ اس قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔






