آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلا گیا باکسنگ ڈے ٹیسٹ نہایت تیزی سے اختتام پذیر ہوا اور کئی حوالوں سے تاریخی ثابت ہوا۔ ابتدائی تین میچز ہارنے کے بعد انگلینڈ نے ایشز سیریز میں اپنی پہلی فتح حاصل کی۔ انگلینڈ نے 175 رنز کا ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیکب بیتھیل نے 40 رنز بنائے، زیک کرولی 37 اور بین ڈکٹ 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ہیری بروک 18 اور جیمی اسمتھ 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان بین اسٹوکس 2، جو روٹ 15 اور برائیڈن کارس 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی طرف سے جھائی رچرڈسن، اسکاٹ بولینڈ اور مچل اسٹارک نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز چار رنز بغیر نقصان سے کیا، تاہم پوری ٹیم 132 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ٹریوس ہیڈ 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان اسٹیو اسمتھ 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کے بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی، برائیڈن کارس نے چار وکٹیں حاصل کیں، بین اسٹوکس نے تین، جوش ٹنگ نے دو اور گس ایٹکنسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پہلے دن دونوں ٹیمیں اپنی پہلی اننگز میں آؤٹ ہو گئی تھیں۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے پہلی اننگز میں 152 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ 110 رنز پر آؤٹ ہو گیا اور یوں آسٹریلیا کو 42 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں چار رنز بغیر نقصان بنائے تھے۔
یہ ایشز کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کو اسٹیو اسمتھ کی کپتانی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ تھا جو صرف دو دن میں مکمل ہو گیا۔






