چین کے شہر پانزیہوا میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان کے لیے ایک گولڈ اور دو سلور میڈلز یقینی ہو گئے ہیں، جبکہ دو پاکستانی کھلاڑی سیمی فائنلز میں شکست کے بعد برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

یوں پاکستان مجموعی طور پر پانچ میڈلز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

بوائز انڈر 17 ایونٹ کے سیمی فائنل میں نعمان خان نے اپنے ہم وطن محمد عمیر عارف کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ یہ مقابلہ 54 منٹ تک جاری رہا۔

فائنل میں نعمان خان کا مقابلہ بھارت کے سیڈ 5 کھلاڑی شیوان اگروال سے ہوگا۔

بوائز انڈر 15 کیٹیگری میں ٹاپ سیڈ احمد ریان خلیل نے ملائیشیا کے سیل جیولس تان لی ہاؤ کو صرف 20 منٹ میں 0-3 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اسی ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان کو ملائیشیا کے دھوران روتھیران کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ 47 منٹ تک جاری رہا۔

اب ٹائٹل کے لیے احمد ریان خلیل اور دھوران روتھیران آمنے سامنے ہوں گے۔

گرلز انڈر 15 ایونٹ میں سیڈ 4 پاکستانی کھلاڑی ماہ نور علی نے ہانگ کانگ کی ٹانگ چنگ سم کو 1-3 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

گولڈ میڈل کے لیے ماہ نور علی کا مقابلہ ہانگ کانگ کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی زی یوان سے ہوگا۔

واضح رہے کہ ماہ نور علی نے گزشتہ سال ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے گرلز انڈر 13 ایونٹ کا فائنل کھیل کر سلور میڈل جیتا تھا۔