ایشین گیمز کے مردوں کے کرکٹ مقابلوں کا آغاز 24 ستمبر سے جاپان کے شہر ناگویا میں ہوگا، جہاں مجموعی طور پر 10 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔ ابتدائی مرحلے میں افغانستان، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا، نیپال اور عمان کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

قرعہ اندازی کے مطابق گروپ اے میں افغانستان، جاپان اور نیپال شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں ہانگ کانگ، ملائیشیا اور عمان کو رکھا گیا ہے۔ ابتدائی مرحلے کے اختتام پر دونوں گروپس سے دو، دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں ان کا مقابلہ پہلے سے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیموں سے ہوگا۔

دوسری جانب خواتین کے کرکٹ مقابلے 17 سے 22 ستمبر تک منعقد ہوں گے، جن میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ خواتین کے ایونٹ میں مقابلوں کا آغاز براہِ راست کوارٹر فائنل مرحلے سے ہوگا۔

خواتین کے کوارٹر فائنل میں بھارت کا مقابلہ میزبان جاپان سے ہوگا، جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم چین کے خلاف میدان میں اترے گی۔ سری لنکا کا سامنا ملائیشیا سے ہوگا، جبکہ پاکستان کی خواتین ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

ایشین گیمز کی انتظامیہ  کے مطابق مردوں اور خواتین، دونوں کرکٹ ایونٹس کے تمام میچز ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے، جس سے شائقین کو تیز رفتار اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید پڑھیں: فیلڈنگ کوچ شین میکڈرموٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

واضح رہے کہ گزشتہ ایشین گیمز، جو 2022 کے نام سے جانے جاتے ہیں لیکن 2023 میں چین کے شہر ہانگژو میں منعقد ہوئے تھے، ان میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کرکٹ مقابلوں میں سونے کے تمغے اپنے نام کیے تھے۔ اب ناگویا ایشین گیمز 2026 میں بھی بھارتی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، جبکہ پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔