قومی ٹیم نے میچ کے آغاز ہی سے کھیل پر مکمل گرفت برقرار رکھی اور 25-10، 25-19 اور 25-17 کے سیٹس سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا۔

پاکستان نے پہلے سیٹ میں مؤثر سروس، مضبوط بلاکنگ اور جارحانہ حملوں کی بدولت کرغیزستان کو صرف 10 پوائنٹس تک محدود رکھا اور 25-10 سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سیٹ میں کرغیزستان نے مزاحمت کی کوشش کی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ ٹیم ورک اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے 25-19 سے کامیابی اپنے نام کی۔

تیسرے سیٹ میں بھی گرین شرٹس نے دفاع اور اٹیک دونوں شعبوں میں شاندار کھیل پیش کیا اور 25-17 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے میچ 3-0 سے جیت لیا۔

پاکستان کی جانب سے فہد علی، محمد انس، کپتان محمد عرفان، اسد اللہ اور فیضان اللہ نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ فہد علی کی جارحانہ اٹیکنگ، محمد انس کی مؤثر بلاکنگ، محمد عرفان کی قائدانہ صلاحیت، اسد اللہ کے مضبوط دفاع اور فیضان اللہ کے مؤثر حملوں نے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

ہیڈ کوچ کفایت اللہ نے کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز انتہائی اہم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے گیم پلان پر مؤثر انداز میں عمل کیا، نظم و ضبط برقرار رکھا اور اعتماد کے ساتھ کھیل پیش کیا، تاہم ٹیم کی توجہ اب آئندہ میچوں پر مرکوز ہے کیونکہ قازقستان اور تھائی لینڈ مضبوط حریف ہیں۔

پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 13 جولائی کو قازقستان، جب کہ تیسرا میچ 14 جولائی کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ دونوں میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شروع ہوں گے۔