183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو ابھیشیک شرما نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ انہوں نے صرف 19 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ تاہم وہ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
آئرلینڈ کے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر میٹ ہولارڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک اور ڈیبیو کرنے والے جئے موندرا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارتی ٹیم 18.5 اوورز میں 148 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں مارچ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد فارمیٹ میں اپنی پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 182 رنز بنائے۔ کپتان لورکن ٹکر نے ذمہ دارانہ نصف سنچری اسکور کی جبکہ گیرتھ ڈیلانی نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط مجموعہ فراہم کیا۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں سپر اسٹارز کا ٹاکرا، فاتح کون بنے گا ؟
میچ کے بعد آئرلینڈ کے کپتان لورکن ٹکر نے کہا کہ ٹیم نے دباؤ کے باوجود بہترین انداز میں مقابلہ کیا اور آخر تک اعتماد برقرار رکھا۔
دوسری جانب بھارتی کپتان شریاس ائیر نے کہا کہ ٹیم اس شکست سے سبق سیکھتے ہوئے اتوار کو ہونے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھرپور واپسی کی کوشش کرے گی۔







