نئے انتظامات کے تحت ایرانی ٹیم کو اپنے میچ سے دو روز قبل امریکا میں داخل ہونے کی اجازت مل گئی ہے۔ اس سے قبل ٹیم کو میچ کے روز ہی میکسیکو سے امریکا آنا پڑتا تھا، جس پر ایران کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔
تاہم امریکی حکام کی جانب سے یہ شرط برقرار رکھی گئی ہے کہ ایرانی ٹیم میچ کے فوری بعد امریکا چھوڑ دے۔ ورلڈ کپ کے دوران ایران کا بیس کیمپ میکسیکو کے شہر تیجوانا میں قائم رہے گا۔
دوسری جانب ایران فٹبال فیڈریشن نے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے سات نکاتی مطالبات اور شرائط پیش کی ہیں۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزوں کے اجرا میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے، مؤثر سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے اور اسٹیڈیمز میں ایرانی قومی علامتوں کے احترام کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی فٹبال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ امریکا، کینیڈا اور میکسیکو پر مشتمل میزبان ممالک کو ایران کے تمام تحفظات دور کرنا ہوں گے تاکہ ٹیم بلا رکاوٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کر سکے۔
مزید پڑھیں: جاپان اور تیونس کا میچ: ورلڈکپ کی تاریخ کا یادگار میچ بن گیا
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق قومی ٹیم نے میدان میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے اور کوئی بھی بیرونی دباؤ یا سیاسی عنصر اسے اس عالمی ایونٹ میں شرکت سے محروم نہیں کر سکتا۔







