کولمبو میں کھیلے گئے سپر ایٹس گروپ ٹو کے 49ویں میچ میں کیوی کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

کیویز کی جانب سے گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹم سائفرٹ نے 35 اور فن ایلن نے 29 رنز اسکور کیے۔ دیگر بلے بازوں میں مارک چیپمن (15)، کول میک کونچی (14)، رچن رویندرا (11) اور ڈیرل مچل (3) شامل تھے، جب کہ مچل سینٹنر 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، ول جیکس اور ریحان احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیام ڈاسن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے 160 رنز کا مطلوبہ اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور میچ اپنے نام کرلیا۔

انگلینڈ پہلے ہی دو کامیابیوں کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا چکا ہے، تاہم اس میچ میں اس کی فتح نے پاکستان کے لیے امید کی کرن روشن کر دی ہے۔

نیوزی لینڈ کے دو میچز کے بعد 3 پوائنٹس ہیں اور اسے سیمی فائنل تک رسائی کے لیے مزید ایک پوائنٹ درکار تھا، تاہم اس شکست کے بعد صورتحال دلچسپ ہو گئی ہے۔

پاکستان کے دو میچز کے بعد ایک پوائنٹ ہے اور اسے سپر ایٹ مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کا سامنا کرنا ہے۔ اگر پاکستان بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرتا ہے تو سیمی فائنل کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔

یوں اب سیمی فائنل کی آخری نشست کا فیصلہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔