قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فائنل میں لڑکوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھا کر ٹرافی اپنے نام کی، اس کامیابی میں ہیڈ کوچ سیفی بھائی کے تجربے کا بھی اہم کردار ہے۔

ٹیسٹ کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے یہ فتح انتہائی خاص ہے، نوجوان کھلاڑیوں نے دباؤ کے بغیر نڈر انداز میں کرکٹ کھیلی اور خود کو منوایا۔

آل راؤنڈر شاداب خان نے انڈر 19 ٹیم کے کھیل کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں نے شاندار انداز میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ انڈر 19 کے فائنل میں بھی پاکستان اور انڈیا کے کپتانوں نے ہاتھ نہیں ملایا

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

حسن علی نے بھی نوجوان کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا کپ جیت کر وطن واپس آنا ایک بڑی کامیابی ہے، ان کھلاڑیوں کی توانائی اور جذبہ قابلِ دید ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔