برطانوی میڈیا نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ امریکا نے ایرانی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیکنیکل اسٹاف کو ویزے جاری کر دیے ہیں، تاہم ورلڈ کپ کے لیے ایرانی فٹبال ٹیم کی انتظامیہ اور منیجمنٹ سے وابستہ افراد کو تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جن افراد کو ویزے نہیں ملے، وہ ٹیم کے انتظامی امور میں انتہائی اہم کردار رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج، ٹیم منیجر، میڈیا آفیسر، سکیورٹی حکام اور وزارتِ خارجہ کے بعض نمائندوں کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔
ایرانی حکام نے اس معاملے پر فیفا سے مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی فٹبال تنظیم اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
Members of Iran s World Cup 2026 administrative staff have not been given visas to enter the United States, Iranian media reported on Saturday https://t.co/dNuxmYvqLh
— Middle East Eye (@MiddleEastEye) June 6, 2026
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے تصدیق کی تھی کہ ایرانی کھلاڑیوں کو آئندہ ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے امریکا آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ایرانی کھلاڑیوں اور ضروری معاون عملے کو ویزے جاری کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی فٹ بال ٹیم ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے میکسیکو روانہ ہو چکی ہے۔
ایرانی ٹیم اپنے گروپ مرحلے کا پہلا میچ 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں کھیلے گی، جب کہ اسی شہر میں اس کا مقابلہ بیلجیئم سے بھی ہوگا۔






