انگلینڈ نے میچ کے 55ویں منٹ میں انتھونی گورڈن کے ذریعے برتری حاصل کی، تاہم اس کے بعد ارجنٹینا نے کھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔ میسی نے پہلے 85ویں منٹ میں ایک کارنر پر اینزو فرنانڈیز کو پاس دیا، جنہوں نے شاندار شاٹ کے ذریعے برابر ی کا گول کیا، جبکہ انجری ٹائم میں ان کے بہترین کراس پر لاؤتارو مارٹینیز نے ہیڈر کے ذریعے فاتحانہ گول اسکور کیا۔
میسی نے میچ میں 9 کامیاب ڈربلز کیے، 9 کراسز دیے، 4 واضح مواقع پیدا کیے اور 2 گولوں میں براہِ راست معاونت کی۔ 1966 کے بعد ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ تاریخ میں وہ پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک ہی میچ میں 9 کامیاب ڈربلز اور 2 اسسٹ کا منفرد کارنامہ انجام دیا۔
اس ورلڈ کپ میں میسی کے گولوں کی تعداد 8 جبکہ اسسٹ کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ وہ اس وقت کیلیان ایمباپے کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں، جبکہ اسسٹ کے لحاظ سے بھی سرفہرست کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
میسی اس سے قبل ورلڈ کپ کی تاریخ میں 21 گول کر کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر بھی بن چکے ہیں، جن میں سے 15 گول انہوں نے 35 برس کی عمر کے بعد کیے ہیں، جو ان کی غیرمعمولی فٹنس اور مستقل مزاجی کا ثبوت ہے۔
ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لیونل اسکالونی نے میسی کو تاریخ کا عظیم ترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی عظمت ثابت کرنے کے لیے اب مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔
سابق انگلش فٹبالر مائیکا رچرڈز نے کہا کہ بڑے میچوں میں فرق پیدا کرنے والے کھلاڑی ہی حقیقی عظیم ہوتے ہیں اور میسی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ فٹبال کے بے تاج بادشاہ ہیں۔
مزید پڑھیں: یورپی چیمپئن اسپین نے فرانس کا خواب چکنا چور کر دیا
اب ارجنٹینا اتوار کو نیو جرسی میں ہونے والے ورلڈ کپ فائنل میں اسپین کا سامنا کرے گا۔ اگر میسی اس میچ میں بھی کسی گول میں حصہ لینے میں کامیاب رہے تو وہ مسلسل 14 میچوں میں گول یا اسسٹ کرنے کا اپنا ریکارڈ برابر کر دیں گے، جبکہ کیفو کے بعد تین ورلڈ کپ فائنل کھیلنے والے دنیا کے صرف دوسرے فٹبالر بھی بن جائیں گے۔







