ٹک ٹاک کے مطابق، یہ فیچرز پاکستانی کری ایٹرز کو حفاظتی اور پیداواری ٹولز فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں پر زیادہ توجہ دے سکیں، اپنے مداحوں سے بہتر رابطہ قائم کریں اور پلیٹ فارم پر زیادہ کنٹرول محسوس کریں۔
ٹک ٹاک نے ’کری ایٹر کیئر موڈ‘ کے نام سے نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جو کری ایٹرز کو اپنے کمنٹس سیکشن کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
یہ فیچر خودکار طور پر توہین آمیز، ہراسان کن یا فحش نوعیت کے کمنٹس کو چھپا دیتا ہے، خاص طور پر وہ تبصرے جنہیں کری ایٹر پہلے ہی رپورٹ یا حذف کر چکے ہوں۔
یہ سسٹم اسمارٹ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے جو ہر کری ایٹر کے تعامل سے سیکھتا ہے اور پلیٹ فارم پر محفوظ اور مثبت ماحول کو فروغ دیتا ہے۔
ٹک ٹاک نے ’کنٹنٹ چیک لائٹ‘ نامی فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو فی الحال ٹک ٹاک اسٹوڈیو کے ویب ورژن میں دستیاب ہے۔
یہ فیچر کری ایٹرز کو پوسٹ کرنے سے پہلے یہ جانچنے کی سہولت دیتا ہے کہ ان کی ویڈیو فار یو پیج پر نظر آئے گی یا نہیں۔
ممکنہ مسائل کی ابتدائی نشاندہی سے کری ایٹرز اپنی ویڈیوز کو کمیونٹی گائیڈ لائنز کے مطابق بہتر بنا سکتے ہیں، جب کہ ان کی تخلیقی آزادی بھی برقرار رہتی ہے۔
اس کے علاوہ، ٹک ٹاک نے ’کری ایٹر اِن باکس‘ بھی متعارف کرایا ہے۔ ایک جدید پیشہ ورانہ میسجنگ ہب جس میں فوری جوابات کے ٹیمپلیٹس، نہ پڑھے گئے پیغامات اور اہم پیغامات کے لیے علیحدہ فولڈرز شامل ہیں۔
یہ سہولت کری ایٹرز اور مداحوں کے درمیان رابطے کو مزید آسان اور تیز بناتی ہے۔
ٹک ٹاک کے مطابق، یہ تمام فیچرز اس کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی صارفین کے لیے ایک محفوظ، مثبت اور بااعتماد تخلیقی ماحول فراہم کرے۔
پلیٹ فارم نے پاکستانی کری ایٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ان نئے ٹولز کو اپنائیں اور ان کے ذریعے ایک بامقصد اور محفوظ آن لائن کمیونٹی تشکیل دیں۔






