پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایک عالمی سب میرین کیبل پر مرمت اور دیکھ بھال کا کام 14 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شروع کیا جائے گا۔ یہ سرگرمی ایک خراب ریپیٹر کو درست کرنے کے لیے کی جا رہی ہے جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کے معیار پر عارضی اثر پڑ سکتا ہے۔

کمپنی کے جاری کردہ بیان کے مطابق مرمت کا عمل تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران صارفین کو سروس میں کمی، رفتار میں سست روی یا عارضی رابطے کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔

پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین سے پیشگی معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی اپنی تکنیکی ٹیموں کے ذریعے مرمت کے کام کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی کوشش کرے گی تاکہ صارفین کو زیادہ دیر تک دشواری نہ ہو۔

ترجمان پی ٹی سی ایل کے مطابق یہ مینٹیننس سرگرمی عالمی سطح پر نیٹ ورک کے معیار کو بہتر بنانے اور مستقبل میں سروس کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مینٹیننس کے دوران انٹرنیٹ کی مکمل بندش کا امکان نہیں تاہم رفتار متاثر ہو سکتی ہے۔

واضع رہے کہ پی ٹی سی ایل نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ مرمت مکمل ہوتے ہی انٹرنیٹ کی سروس معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔ کمپنی نے صارفین سے تعاون اور تحمل کی درخواست کی ہے۔