خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کمپنی اور اس کے سرمایہ کار تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ امریکن ڈپازٹری شیئرز 17 سے 20 ڈالر فی شیئر کی قیمت پر فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اگر شیئرز بالائی حد یعنی 20 ڈالر پر فروخت ہوئے تو کمپنی تقریباً 1.1 ارب ڈالر تک سرمایہ اکٹھا کر سکتی ہے۔
روئٹرز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ کے سبب اس آئی پی او کا آغاز مؤخر کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب کمپنی نے دوبارہ لسٹنگ کے عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق اگر پے پے کی لسٹنگ کامیاب رہی تو اس سے آئی پی او مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے۔
آئی پی او ایکس کے سی ای او جوزف شسٹر نے روئٹرز کو بتایا کہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی اب بھی ایسی فن ٹیک کمپنیوں میں موجود ہے جو زیادہ تر اپنے مقامی بازار میں سرگرم ہیں اور جغرافیائی خطرات یا مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار تبدیلیوں سے کم متاثر ہوتی ہیں۔
پے پے کا قیام 2018 میں سوفٹ بینک گروپ اور یاہو جاپان کے مشترکہ منصوبے کے طور پر عمل میں آیا۔ کمپنی نے ابتدائی تین برسوں تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں سے ٹرانزیکشن فیس معاف کر کے تیزی سے مارکیٹ میں جگہ بنائی۔
جاپان میں کیش لیس ادائیگیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کیش بیک پروگرامز اور پروموشنز کے ذریعے صارفین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا۔
2025 کے اختتام تک کمپنی کے رجسٹرڈ صارفین کی تعداد تقریباً 7 کروڑ 20 لاکھ بتائی گئی، جس سے یہ جاپان کے بڑے ڈیجیٹل والٹ پلیٹ فارمز میں شامل ہو گئی۔
مزید پڑھیں: ایپل نے آئی فون 17ای اور ایم 4 چپ سے لیس نیا آئی پیڈ ایئر متعارف کروا دیا
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ آئی پی او سافٹ بینک کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ مصنوعی ذہانت سمیت تیزی سے بڑھتے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھا رہا ہے، جن میں اوپن اے آئی کی حمایت بھی شامل ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پے پے کی لسٹنگ سے سافٹ بینک اپنی مالی پوزیشن مضبوط کرنا چاہتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق ممکنہ خریداروں میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ذیلی کمپنی، ویزا کا ایک ذیلی ادارہ اور ابو ظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی شامل ہو سکتے ہیں، جو مجموعی طور پر 22 کروڑ ڈالر تک کے شیئرز خرید سکتے ہیں۔
پے پے نیس ڈیک اسٹاک ایکسچینج پر PAYP کے ٹکر سمبل کے تحت لسٹ ہونے کا ارادہ رکھتا ہے۔ آئی پی او کے لیے گولڈمین سیکس، جے پی مورگن، میزوہو اور مورگن اسٹینلے بطور مشترکہ بک رننگ مینیجرز خدمات انجام دیں گے۔






