چیئرمین پلرا طارق سبحانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ سے ملکیت اور قبضے کی تصدیق یقینی بنائی جائے گی۔

سرٹیفکیٹ سے جائیداد کے لین دین میں فراڈ اور جعلسازی کا خاتمہ ہو سکے گا، پنجاب میں 486 سالہ اراضی نظام میں تاریخی اصلاحات کی گئی ہیں۔

  گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کی فیس 950 روپے مقرر کی گئی ہے، قریبی اراضی ریکارڈ سنٹرسے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ 

گرین سرٹیفکیٹ کیسے حاصل کیا جاسکتا ہے؟

یہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے آپ کے پاس شناختی کارڈ کا ہونا ضروری ہے۔

جائیداد کی مکمل تفصیلات یعنی پرانی فرد، انتقال نمبر، خسرہ نمبر وغیرہ کا پتا ہو۔

ملکیت کے ثبوت سے متعلق دستاویزات بھی آپ کے پاس ہونی چاہئیں۔

درخواست کیسے دی جاسکتی ہے؟

آپ ابتدائی معلومات درج کروانے اور فیس کی ادائیگی آن لائن کر سکتے ہیں۔

تاہم حتمی بائیومیٹرک تصدیق کے لیے آپ کو ایک بار قریبی اراضی ریکارڈ سنٹر (ARC) جانا ہوگا۔

وہاں نادرا کے بائیومیٹرک سسٹم سے آپ کے ڈیٹا کی تصدیق کی جائے گی۔

سرٹیفکیٹ جاری ہونے سے قبل ملکیت، زمین کے ریکارڈ، ٹیکس واجبات اور دیگر قانونی پہلوؤں کی مکمل چھان بین کی جاتی ہے، اور ضرورت پڑنے پر فیلڈ ویری فکیشن بھی کی جاتی ہے۔

منظوری کے بعد سرٹیفکیٹ آپ کو جاری کر دیا جاتا ہے۔

ہر سرٹیفکیٹ میں ایک QR کوڈ شامل ہوگا جس کے ذریعے پراپرٹی کی تمام معلومات ایک کلک میں حاصل کی جا سکیں گی۔

یہ سرٹیفکیٹ زرعی، رہائشی، کمرشل اور انڈسٹریل ہر قسم کی جائیداد کے لیے لازمی ہے، چاہے وہ نجی ہو یا سرکاری۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے ریکارڈ کی نگرانی آن لائن کر سکتے ہیں۔