وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوامی تحفظ کے لیے یہ نمایاں قدم اٹھایا ہے، جس کے بعد پنجاب میں ہر شہری کا موبائل فون اب سیف سٹی کیمرے کا کردار ادا کرسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق اس انقلابی نظام کا مقصد اہم واقعات کی ویڈیو شواہد فوری طور پر سیف سٹی سسٹم تک پہنچانا، ریسپانس ٹائم کم کرنا اور بروقت امداد کو یقینی بنانا ہے۔

 اسی سلسلے میں سیف سٹی پبلک سیفٹی ایپ میں نیا فیچر “Connect to PSCA” شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے موبائل کیمروں کو براہ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے منسلک کرسکتے ہیں۔

اس فیچر کے ذریعے کسی بھی ہنگامی یا اہم صورتحال کی لائیو ویڈیو براہِ راست سیف سٹی سسٹم تک پہنچتی ہے، جس سے حکام کو موقعے کی صورتحال ریئل ٹائم میں دیکھنے اور فوری کارروائی کرنے میں مدد ملتی ہے۔

سیف سٹی کے ترجمان کے مطابق، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کے دوران کالر کو ایک خصوصی لائیو فیڈ لنک بھیجا جائے گا۔ لنک کھولتے ہی شہری کا موبائل کیمرا کنٹرول روم سے منسلک ہوجائے گا اور واقعے کی براہ راست مانیٹرنگ ممکن ہوگی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ سروس صرف ہنگامی حالات کے لیے ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ جائے وقوعہ کی درست نشاندہی کے لیے موبائل لوکیشن آن ضرور رکھیں اور غیر ضروری ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ یہ فیچر صرف عوامی حفاظت کے مقصد کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔