واٹس ایپ پر چیٹ کے دوران کسی میسج پر فوری ردعمل دینے کے لیے  ایموجی ری ایکشن  کا فیچر تو آپ کافی عرصے سے استعمال کر رہے ہوں گے، جس کے ذریعے کسی بھی میسج کو دبا کر ایک مخصوص ایموجی کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

لیکن اب تک صارفین کے لیے ایک بڑی مشکل یہ تھی کہ بہت سے جذبات ایسے ہوتے ہیں جنہیں محدود ایموجیز میں بیان کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ صارفین اکثر اپنی گفتگو کو زیادہ تخلیقی، منفرد اور جذباتی انداز میں پیش کرنے کے خواہشمند رہتے ہیں۔ 

اسی ضرورت کو سمجھتے ہوئے، واٹس ایپ کی جانب سے چیٹنگ کے تجربے کو مزید دلچسپ اور اظہارِ خیال سے بھرپور بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق، اب صارفین کو یہ سہولت ملنے والی ہے کہ وہ میسجز پر ایموجیز کے ساتھ ساتھ اپنی اسٹیکر لائبریری سے اپنی مرضی کے  اسٹیکرز  کے ذریعے بھی ری ایکٹ کر سکیں گے۔

 یہ فیچر میسج ببل کے اوپری بائیں کونے میں نظر آئے گا اور اسے استعمال کرنا اتنا ہی آسان ہوگا جتنا کہ موجودہ ایموجی ری ایکشن۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب آپ ایک ہی میسج پر ایموجی اور اسٹیکر دونوں کے ذریعے اپنا ردعمل ظاہر کر سکیں گے، جو فی الحال اینڈرائیڈ کے بیٹا (beta) ورژن میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔