تفصیلات کے مطابق اس نئی آفر کے تحت صارفین اب ہونڈا کے مختلف ماڈلز نسبتاً آسان اقساط اور خصوصی سہولیات کے ساتھ حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پیشکش کے ذریعے صارفین کو روایتی آٹو فنانسنگ کے مقابلے میں زیادہ سہل اور فائدہ مند آپشن فراہم کیا جا رہا ہے۔

ہونڈا نے اس نئی فنانسنگ اسکیم کے لیے حبیب میٹرو بینک کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت ہونڈا سٹی، ہونڈا سوک اور ہونڈا ایچ آر-وی کے لیے خصوصی فنانسنگ اسکیم متعارف کرائی گئی ہے، جس میں کم شرح سود کے ساتھ مختلف اضافی مراعات بھی شامل ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس اسکیم کے تحت فنانسنگ ریٹ ایک فیصد پلس کائی بور مقرر کیا گیا ہے، جسے عام کمرشل آٹو لونز کے مقابلے میں زیادہ شفاف اور کم اسپریڈ پر مبنی حل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ بینک کی جانب سے دو لاکھ روپے تک کی مختلف فیسیں بھی کور کی جائیں گی، جس سے گاڑی خریدنے کی مجموعی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی۔

اس فنانسنگ اسکیم کے تحت صارفین کو پہلے سال کے لیے مفت پیریاڈک مینٹی ننس کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ ہیک ہو جائے تو فوری کیا کرنا ہے؟ ایمرجنسی گائیڈ لائن جاری

 مزید برآں گاڑیوں میں درآمد شدہ بریج اسٹون ٹائرز استعمال کیے جائیں گے، جن کی مالیت تقریباً ایک لاکھ روپے کے لگ بھگ بتائی جا رہی ہے، جو اس آفر کو مزید پرکشش بناتی ہے۔

ہونڈا کا کہنا ہے کہ اس نئی پیشکش کے تحت گاڑیوں کی ڈیلیوری اسی ماہ دسمبر میں یقینی بنائی گئی ہے، جس سے صارفین کو طویل انتظار کے مسئلے سے نجات ملے گی۔ تاہم یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اس اسکیم پر حبیب میٹرو بینک کی شرائط و ضوابط لاگو ہوں گی۔

کمپنی کے مطابق اس فنانسنگ آفر میں دلچسپی رکھنے والے صارفین حبیب میٹرو بینک سے براہِ راست رابطہ کر کے مکمل ادائیگی کے شیڈول، فنانسنگ کی تفصیلات اور کائی بور کی ایڈجسٹمنٹ کی فریکوئنسی سے متعلق مزید معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔