گوگل نے اپنے صارفین کے لیے ایک شاندار پروموشن متعارف کرائی ہے جس کے تحت گوگل ون کے تمام سبسکرپشن پلانز صرف 11 روپے میں دستیاب ہیں۔ یہ آفر صارفین کے لیے محدود مدت کے لیے پیش کی گئی ہے جو تین ماہ تک جاری رہے گی۔ اس مدت میں صارفین اپنے ڈرائیو، جی میل اور فوٹوز کے لیے اضافی اسٹوریج کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
گوگل ون کے مختلف پلانز میں لائٹ، بیسک، اسٹینڈرڈ اور پریمیم شامل ہیں۔ لائٹ پلان جس کی عام قیمت 30 روپے ماہانہ ہے وہ اب 30 جی بی اسٹوریج کے ساتھ صرف 11 روپے میں دستیاب ہے۔ بیسک پلان جو 100 جی بی اسٹوریج فراہم کرتا ہے اور عام طور پر 130 روپے میں ملتا ہے وہ بھی اس آفر کے تحت 11 روپے میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح اسٹینڈرڈ پلان جس میں 200 جی بی اسٹوریج ہوتی ہے اور قیمت 210 روپے ہے وہ بھی 11 روپے میں دستیاب ہے۔ سب سے پریمیم پلان جس میں دو ٹی بی اسٹوریج شامل ہے اور عام قیمت 650 روپے ماہانہ ہے وہ بھی اس خصوصی آفر کے تحت صرف 11 روپے میں تین ماہ کے لیے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس آفر کے ساتھ گوگل نے سالانہ سبسکرپشنز پر بھی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین 37 فیصد تک بچت کر سکتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ پیشکش محدود مدت کے لیے ہے اور تین ماہ بعد قیمتیں معمول کے مطابق ہو جائیں گی۔
واضع رہے کہ یہ آفر ان صارفین کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو اپنی فائلز، تصاویر اور ڈاکیومنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے اضافی اسٹوریج تلاش کر رہے ہیں۔





